سمگلنگ نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا،ہم ملک کو خوشحالی کی جانب لے جانا چاہتے ہیں: شہباز شریف

اسلام آباد (رم نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ سمگلنگ نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا،ہم ملک کو خوشحالی کی جانب لے جانا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے انسداد سمگلنگ کے حوالے سے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سمگلنگ نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا،ہم ملک کو خوشحالی کی جانب لے جانا چاہتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ چاروں صوبوں کے وزرااعلیٰ،چیف سیکرٹریز اورسول و فوجی افسران کوسلام پیش کرتا ہوں، مشکور ہوں کہ آج آپ وقت نکال کر یہاں تشریف لائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں نئی منتخب حکومتیں الیکشن کے نتیجے میں آچکی ہیں، پاکستان میں ہمیں مختلف حوالوں سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی افغانستان سمگل ہوتی ہے، اسی طریقے سے اربوں روپے کی بجلی چوری کی جاتی ہے، اس سال محصولات کا تخمینہ 9 کھرب کا ہے لیکن یہ بھی محتاط اندازہ ہے، اسی طرح 2 ہزار 700 ارب روپے کے محصولات سے متعلق کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ملک کے اندر جو اس وقت نئی منتخب حکومتیں ہیں وہ تشکیل ہوچکی ہیں، وفاق میں بھی ہمیں 24 دن ہوگئے ہیں، اس وقت ہماری سب سے اہم مصروفیت پاکستان کے اندر مختلف چینلجز کو سمجھنا اور برق رفتاری سے ان سے نمٹنا ہے تاکہ معیشت کو سنبھال سکیں اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جاسکیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تب ہی ممکن ہے جب وفاق، چاروں صوبے اور ادارے اور افواج سب مل کر اس عظیم مشن کے لیے یکسوں ہوجائیں۔ ہمیں ان مشکلات کا سامنا ہے، اگر ہمیں پاکستان کو قرضوں کے چنگل سے نکالنا ہے تو اس کے لیے یہی ہے کہ زراعت، صنعت کو فروغ دیں، مگر کرپشن کا خاتمہ بھی ہماری انفرادی اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔