پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں ایک ماہ کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں ایک ماہ میں آئی ٹی برآمدات میں اتنا اضافہ پہلی بار ہوا، آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 62.3 فیصد اضافہ ہوا۔

شزہ فاطمہ نے بتایا کہ جولائی 2023 سے اپریل 2024 کے دوران آئی ٹی برآمدات 2.593 ارب ڈالرز تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں آئی ٹی برآمدات 2.135 ارب ڈالرز تھیں۔

شزہ فاطمہ کامزید کہنا تھا کہ پاکستان کی آئی سی ٹی سروسز کی برآمدی ترسیلات میں اپریل 2024 میں 31 کروڑ ڈالرز کا تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ایک مہینہ میں آئی ٹی برآمدات میں اتنا اضافہ پہلی دفعہ ہوا ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں اضافہ لانا موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں یہ اضافہ وزیراعظم پاکستان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔وزیراعظم پاکستان نے پچھلی پی ڈی ایم حکومت میں ڈیفالٹ سے بچا کر معیشت کو مضبوط کیا جس کے نتائج آج آرہے ہیں۔ایس آئی ایف سی کی بھر پور معاونت سے وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لیئے کوشاں ہیں۔