اداکار طلعت حسین کو کونسی خطرناک بیماری لاحق ہوگئی

کراچی (رم نیوز) اداکار طلعت حسین کے بارے میں کہاجارہا ہےکہ وہ خطرناک بیماری ڈیمنیشیا کاشکار ہوگئے ہیں۔ اس بارے میں اداکار فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ نے تصدیق کی ہے۔ اداکارفیصل قریشی اور ان کی اہلیہ نے سینئر اداکار کے گھر میں ان سے ملاقات کی ہے اور اس ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

سوشل میڈیا پر فیصل قریشی کی طرف سے شیئر کی گئی ویڈیو سے انداز ہ لگایاجاسکتا ہے کہ سینئر اداکارطلعت حسین باتوں کو بھول رہے ہیں ۔ویڈیو میں طلعت حسین بیماری کے باعث کمزور بھی دکھائی دیتے ہیں۔فیصل قریشی کی اہلیہ نے بھی سینیئر اداکار کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے طلعت حسین میں ڈیمینشیا کے مرض کی تصدیق کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ڈیمینشیا میں مبتلا ہونے کے باوجود طلعت حسین ان سے ملے اور ان کے ساتھ اچھی باتیں کیں۔شوبز شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے طلعت حسین کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔طلعت حسین کی عمر 80 سال سے زائد ہے اور انہوں نے فنون لطیفہ کو نصف صدی دی ہے، یعنی انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کو دی۔طلعت حسین نے 1970 سے قبل کم عمری میں ہی اداکاری شروع کردی تھی لیکن انہیں 1970 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔