"جھپٹنا ، پلٹنا ، پلٹ کر جھپٹنا ۔۔۔"۔۔۔ سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم

لاہور(رم نیوز) سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی آج 11 ویں برسی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے 1965ء کی جنگ کے ہیرو ایئر کموڈور محمد محمود عالم کو ان کی 11 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوت نے بھارت کیخلاف جنگ میں دشمن کے 5 جیٹ طیاروں کو مار گرایا تھا۔

پاک فضائیہ کے شاہین صفت ہواباز نے ڈاگ فائٹ کے دوران 5 بھارتی جنگی طیارے ایک منٹ کے اندر مار گرائے جبکہ 4 طیارے صرف 30 سیکنڈز میں زمین بوس کیے، ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 5 طیارے گرانے کا شاندار ریکارڈ آج بھی گنیز بک آف ورلڈ میں درج ہے۔

ایم ایم عالم 1952ء میں فضائیہ میں آئے اور 2 اکتوبر 1953ء کو کمیشنڈ عہدے پر فائز ہوئے۔ایم ایم عالم نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں بھارتی ہوا بازوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلایا، سکواڈرن لیڈر نے ایک ڈاگ فائٹ کے دوران 5 بھارتی ہنٹر جنگی طیارے ایک منٹ کے اندر مار گرائے۔

مجموعی طور پر ایم ایم عالم نے 9 طیارے گرائے اور دو کو نقصان پہنچایا، ان میں 6 ہاک ہنٹر طیارے شامل تھے، فضا میں لڑی جانے والی جنگ کے حوالے سے یہ ایک عالمی ریکارڈ ہے، قوم کا یہ قابل فخر سپوت 18 مارچ 2013ء کو 78 برس کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کر گیا۔