امارات میں بارشوں کا 75سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔۔۔ نظام زندگی مفلوج

دبئی(رم نیوز) متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ،ملک میں بارشوں کا75سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ حکام نے شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔متحدہ عرب امارات میں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، درجنوں میٹرو سٹیشنز اور انڈرپاس پانی سے بھر گئے۔

دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردیے گئے، کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔بارش کے باعث فلائٹس آپریشن بھی متاثر ہوا، ہزاروں مسافر پھنس گئے ۔ الکوا کے علاقے میں بڑے پیمانے پر لینڈسلائیڈنگ ہوئی جبکہ راس الخمیہ میں ایک شہری ریلے میں بہہ گیا۔

آسمانی بجلی گرنے اور اولے پڑنے کی پیش گوئی کے باعث اماراتی حکام نے نئی ایڈوائزری جاری کردی، جس میں عوام کو غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔