کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

کراچی (رم نیوز) کراچی شہر میں آج رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سندھ کے کچھ اضلاع میں مطلع ابر آلود جبکہ رات سے کراچی، حیدرآباد، سانگھر، پڈعیدن، دادو، لاڑکانہ،جیکب آباد، خیرپور، مٹھی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوگیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کلدان کی سب تحصیل سنٹسر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث درجن سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ پاک افغان سرحدی علاقے میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔بارشوں اور سیلاب سے ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ 5 روز سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔

گوادر سٹی سمیت گردونواح میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا، گوادر میں 3 گھنٹے سے جاری موسلادر بارش نے تباہی مچادی، بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا اور بارش سے مکانات کے دیواریں مہندم ہوگئی۔