پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز کا آج سے آغاز

راولپنڈی(رم نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کا آغاز آج سے راولپنڈی میں ہو گا۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جیت کیلئے پر عزم ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، ٹرافی کی تقریب رونمائی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل شریک ہوئے اور تصاویر بنوائیں، دونوں ٹیموں نے راولپنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس بھی کی۔کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس بارہ میچز ہیں، کوشش کریں گے ان میچز کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کر لیں، ہم نے بہت سی چیزوں کو تبدیل کیا، کوشش کریں گے کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں۔