یومِ تکبیر: 28 مئی کو وطنِ عزیز میں عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان کی تاریخ کا وہ دن جب پہاڑوں نے گواہی دی، زمین نے گرج کر اعلان کیا، اور چاغی کی خاموش فضاؤں میں ایٹمی قوت کی گونج سنائی دی۔یومِ تکبیر۔ اس تاریخی دن کی یاد میں وفاقی حکومت نے 28 مئی 2025 بروز بدھ ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، بدھ کے روز ملک کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جب کہ بیشتر نجی دفاتر، مالیاتی ادارے اور کاروباری مراکز بھی تعطیل کریں گے۔اسی سلسلے میں سندھ حکومت نے بھی صوبے بھر میں تمام صوبائی دفاتر، بلدیاتی ادارے اور ذیلی محکمے بند رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔پاکستان سٹاک ایکسچینج نے بھی اس موقع پر کاروباری سرگرمیاں معطل رکھتے ہوئے بازارِ حصص میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

28 مئی 1998 وہ دن جب پاکستان نے دنیا کو باور کروایا کہ دفاع صرف جذبہ نہیں، صلاحیت کا نام بھی ہے۔ چاغی کے سنگلاخ پہاڑوں میں ایٹمی دھماکوں کی گونج نے پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت کے طور پر منوایا۔یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔