لاہور(رم نیوز)پنجاب حکومت آج مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کرے گی، جس کا حجم 5300 ارب روپے سے تجاوز کر جائے گا۔ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان دوپہر 2 بجے پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے، جس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان کریں گے۔بجٹ پیشگی کابینہ اجلاس میں منظوری کے بعد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
نان ترقیاتی اخراجات کے لیے 4060 ارب روپے اور ترقیاتی پروگرام کے لیے 1240 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں 3132 ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں، جن میں جاری منصوبوں کے لیے 535 ارب اور نئی سکیموں کے لیے 470 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
پنجاب ایئر لائن کے قیام کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بھی منصوبہ شامل ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے "خود مختار پروگرام" شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا اور موجودہ ٹیکسوں کی وصولی کو بہتر بنایا جائے گا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اسے صرف بجٹ نہیں بلکہ ایک مشن قرار دیا ہے جو پنجاب کی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔