پشاور (رم نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھ کر انہیں توڑنے میں ناکام ہو گی، اور یہ صرف حکومت کی ایک اور بے نتیجہ کوشش ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے 26 ویں آئینی ترمیم کی شدید مذمت کی، جس کے ذریعے عدلیہ کو مفلوج کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کے خاندان یا پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو کہ ملک کے عدالتی نظام کے لیے ایک سنگین معاملہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 26 ویں ترمیم نے ملک کے عدالتی نظام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے، اور جعلی حکومت نے اپنے عارضی فائدے کے لیے اس کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما ضمیر کے قیدی بن چکے ہیں، مگر حکومت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
آخر میں، بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان اپنی قوم کی حقیقی آزادی کے لیے آخری دم تک لڑیں گے اور کسی بھی قسم کی ڈیل کے ذریعے نواز شریف اور زرداری کی طرح ملک سے نہیں جائیں گے۔