واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی کھلی وارننگ دی ہے۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کو چاہیے کہ وہ مزید انسانی جانوں کے ضیاع سے پہلے معاہدہ کر لے۔ ان کا کہنا تھا، “میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ یہ جنگ دونوں اطراف کے لیے نقصان دہ ہے۔”
کینیڈا میں جاری جی سیون اجلاس کے دوران برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تہران نیوکلیئر ڈیل پر دستخط نہ کر کے "بے وقوفی" کر رہا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کو 60 دن کی مہلت دی تھی، جس کے باوجود ایران نے معاہدے سے انکار کر دیا۔ "61ویں دن میں یہ ہونا ہی تھا،" انہوں نے واضح کیا۔
صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی ذمہ داری سابق بائیڈن انتظامیہ پر ڈال دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن حکومت نے سفارتی مواقع ضائع کیے، جس کے نتائج آج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "سب جانتے ہیں کہ اسرائیل بہت اچھا کر رہا ہے۔
جی سیون اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ نے اجلاس کا دورانیہ مختصر کرتے ہوئے قومی سلامتی کونسل کو سچویشن روم میں الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جس سے ممکنہ فوجی کارروائی کا عندیہ بھی ملتا ہے۔صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہااب بھی وقت ہے کہ ایران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرے، ورنہ بہت دیر ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں گزشتہ چند روز کے دوران شدید اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیلی فضائی حملے میں ایران کا سرکاری ٹی وی مرکز نشانہ بنا، جہاں متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔