تہران میں اسرائیلی حملہ: ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے دفتر پر حملہ، دو ملازمین جاں بحق

تہران (رم نیوز)ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق، اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں تہران میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ (IRIB) کے مرکزی دفتر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ادارے کا ایک نیوز ایڈیٹر اور ایک اور عملے کا رکن ہلاک ہو گیا۔

ابتدائی طور پر صرف ایک ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بعدازاں حکام نے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ حملے کے وقت IRIB کی لائیو نشریات جاری تھیں، جس دوران دھماکوں کی آوازیں نشر ہوئیں، سٹوڈیو کی روشنیاں بند ہو گئیں اور ملبہ گرتے ہوئے دیکھا گیا۔واقعے کے بعد نشریات عارضی طور پر معطل کر دی گئیں، تاہم چند گھنٹوں کے اندر ادارے نے دوبارہ نشریات بحال کر دیں۔

ایرانی حکام نے واقعے کو میڈیا کی آزادی پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں غیر مسلح شہریوں اور صحافتی اداروں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہیں۔ابھی تک اسرائیلی حکام کی جانب سے اس حملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم گزشتہ چند دنوں سے جاری ایران۔اسرائیل کشیدگی میں دونوں جانب سے شدید حملوں کا تبادلہ جاری ہے۔