اسرائیلی فضائی حملہ: تہران میں کمانڈ سینٹر تباہ، اعلیٰ ایرانی کمانڈر کی شہادت کا دعوی

تہران(رم نیوز)اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے تہران میں ایک اہم فوجی کمانڈ سینٹر پر حملہ کر کے ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈر جنرل علی شادمانی کو ہلاک کر دیا ہے۔ حملے کا نشانہ ایران کا ’’خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر‘‘ تھا، جو ایرانی مسلح افواج کی آپریشنل حکمت عملی کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔

جنرل علی شادمانی ایران کے چیف آف وار سٹاف اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی مشیر سمجھے جاتے تھے۔ وہ ایرانی افواج اور پاسداران انقلاب (IRGC) کے مشترکہ آپریشنز کی نگرانی کے ساتھ ساتھ جنگی فیصلوں کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کرتے تھے۔ذرائع کے مطابق، جنرل شادمانی کو حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کی فوجی قیادت سونپی گئی تھی ۔ایران کی جانب سے باضابطہ تصدیق یا ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم مقامی میڈیا میں اس حملے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، اور کمانڈ سینٹر کی تباہی کی تصاویر گردش کر رہی ہیں۔