کیلیفورنیا(رم نیوز)سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر اور دلچسپ بنانے کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، انسٹاگرام میں سب سے نمایاں تبدیلی پروفائل گرڈ کسٹمائزیشن کی صورت میں سامنے آئی ہے، جس کے تحت صارفین اب اپنی پروفائل پر موجود تصاویر کو اپنی مرضی کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔ اس فیچر کی بدولت تصاویر کو صرف چوکور انداز میں دیکھنے کے بجائے عمودی انداز میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ یہ فیچر اس ہفتے سے مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
میٹا کے مطابق یہ فیچر صارفین کی مسلسل درخواستوں کے بعد متعارف کرایا گیا ہے، جس کی آزمائش گزشتہ برس اگست 2024 سے جاری تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کو یہ سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی پروفائل پر موجود مواد میں ترمیم کر کے یہ طے کر سکیں کہ کون سا مواد فالوورز کو دکھایا جائے اور کون سا نہیں۔
انسٹاگرام نے موسیقی کے شوقین صارفین کے لیے بھی ایک نیا فیچر شامل کیا ہے جس کے تحت وہ Spotify پر سنے جانے والے گانوں کو نوٹس فیچر کے ذریعے اپنے دوستوں سے شیئر کر سکیں گے۔ یہ نوٹس خودکار طور پر ریئل ٹائم میں اپ ڈیٹ ہوگا، جس میں گانے کا نام اور گلوکار شامل ہوگا۔
علاوہ ازیں، انسٹاگرام نے ہینڈ رائٹنگ فونٹس کا بھی اضافہ کیا ہے جو کہ اب سٹوریز اور ریلز ویڈیوز میں استعمال کیے جا سکیں گے، تاکہ صارفین اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔میٹا کا کہنا ہے کہ یہ تمام نئے فیچرز انسٹاگرام کے صارفین کو مزید ذاتی، تخلیقی اور انٹرایکٹو تجربہ فراہم کریں گے، جبکہ مستقبل میں مزید جدت انگیز خصوصیات متعارف کرانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔