امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، خطے میں امن کیلئے کردار پر خراجِ تحسین

واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جنگ کے خطرات ٹالنے اور خطے میں امن قائم رکھنے کے اقدام پر شکریہ ادا کرنے کے لیے وائٹ ہاؤس مدعو کیا گیا۔وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "آج مجھے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، لیکن فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دانشمندانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کو جنگ سے بچایا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک اہم ایٹمی طاقت ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کی ایک بااثر شخصیت ہیں۔ ان کے دورۂ امریکہ سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ظہرانہ دیا، جس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیکسگتھ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی، ایران کے امور اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ تاریخی ملاقات نہ صرف پاکستان کی عسکری قیادت کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ امریکہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کو ایک کلیدی اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

مبصرین کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا جانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ پاکستان کی خطے میں قیامِ امن کی کوششوں کو سنجیدگی سے تسلیم کر رہا ہے۔