لاہور(رم نیوز)ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر بدستور جاری ہے۔ اندرونِ سندھ اور مشرقی بلوچستان میں سورج نے جیسے آگ برسانا شروع کر دی ہے، جہاں درجہ حرارت خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد اور دادو میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ نواب شاہ اور سبی میں پارہ 46 ڈگری تک پہنچ گیا۔ حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں 45 ڈگری، پشاور اور ڈیرہ غازی خان میں 42 ڈگری، اسلام آباد میں 41 ڈگری، کوئٹہ میں 40 ڈگری، لاہور اور گلگت میں 39 ڈگری اور کراچی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے 22 جون تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنوبی پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقے آئندہ دنوں میں شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
مزید برآں، رواں سال مون سون کے دوران بارشوں میں 25 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خصوصی طور پر لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں بارشیں معمول سے 60 فیصد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔