بانی پی ٹی آئی کو مکمل طور پر آئیسولیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ نہ پارٹی قیادت سے مل سکیں اور نہ اپنے اہل خانہ سے: شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مکمل طور پر آئیسولیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ نہ پارٹی قیادت سے مل سکیں اور نہ اپنے اہل خانہ سے۔ یہ عمل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

شیخ وقاص نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں ہمارے نوجوان ایم این ایز نے قوم کے سامنے حقائق پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اسرائیل کو ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر دیکھتی ہے اور اسرائیل انسانیت کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر رہا ہے۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اسرائیل کے اقدامات کے خلاف حکومت خاموش ہے اور محض بیانات دینا کافی نہیں۔ شیخ وقاص نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف صرف الفاظ کی حد تک نہیں بلکہ موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بانی پارٹی کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے اور اسرائیل کے خلاف آواز اٹھانا ان کا ایمان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے رات ایک بجے اسرائیل کے خلاف اپنا اعلامیہ جاری کر دیا تھا اور مزید احتجاج بھی کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے احتجاج کو بھی فی الحال روک دیا گیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اس وقت کوئی احتجاج نہیں ہوگا۔