چینی کی بڑھتی قیمتوں پر حکومت کا سخت ایکشن، ذخیرہ اندوزوں اور سٹے بازوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(رم نیوز) حکومت نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ چینی کے سٹے بازوں، ذخیرہ اندوزوں اور کارٹل بنانے والوں کے خلاف فوری اور بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چینی کی قیمت میں غیر معمولی اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات دے دیے ہیں۔ ان اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مصنوعی قلت اور منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے تحت بڑے شہروں میں گوداموں پر چھاپے، چینی کی ضبطگی، گرفتاریوں اور دیگر قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ متعلقہ اداروں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ ملک گیر سطح پر کریک ڈاؤن آئندہ چند روز میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوامی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، جس کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کو بھی اشیائے خورونوش کی مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع کمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔