ایران کا اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملہ، 65 صیہونی زخمی، تل ابیب و بیت المقدس میں دھماکے

تل ابیب (رم نیوز)غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جمعرات کی صبح ایران نے اسرائیل پر متعدد بیلسٹک میزائل فائر کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم 65 اسرائیلی شہری زخمی ہو گئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے حملے کے جواب میں اسرائیل نے ایرانی ہیوی واٹر ری ایکٹر کو نشانہ بنایا، جب کہ ایرانی میزائل حملے میں بیئرشیوا کے ایک ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں 40 افراد زخمی ہوئے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ کم از کم 6 میزائل صحرائے نقب سمیت اسرائیل کے چار مختلف علاقوں میں گرے۔ بیئرشیوا شہر کے علاوہ ہولون میں بھی میزائل حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جہاں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ایرانی حملے کے بعد خطے میں کشیدگی میں شدید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے فوری ردعمل متوقع ہے۔