اسلام آباد(رم نیوز)سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے ایک نیا جنرل سٹینڈنگ آرڈر جاری کیا گیا ہے جس کے تحت سپریم کورٹ کے ججز کے بیرون ملک سفر اور رخصت کے لیے ضابطہ کار (SOP) طے کر دیا گیا ہے۔ نئے احکامات کے مطابق، اب کسی بھی جج کو بیرون ملک جانے سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان سے باقاعدہ اجازت (NOC) لینا ضروری ہوگا۔
ایس او پی کے مطابق، چیف جسٹس کو مکمل اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی جج کی چھٹی کو منظور یا مسترد کر سکتے ہیں، اور اگر حالات کا تقاضا ہو تو چھٹی پر موجود جج کو واپس بھی بلایا جا سکتا ہے۔ یہ اختیارات عوامی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے استعمال کیے جائیں گے۔
یہ نیا ضابطہ کار سپریم کورٹ کے اندر ادارتی نظم و نسق کو مؤثر بنانے اور اعلیٰ عدلیہ کے معاملات میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔