راولپنڈی (رم نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن قائم رکھنے اور تعاون پر مبنی سکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں ایک فعال اور ذمہ دار ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکا کا سرکاری دورہ جاری ہے، جہاں انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں سینئر تجزیہ کاروں، اسکالرز، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال، دو طرفہ تعلقات اور انسداد دہشت گردی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے پاکستان کے علاقائی امن و استحکام کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی طویل جدوجہد، قربانیوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے خطے میں بعض عناصر کی جانب سے ہائبرڈ وارفیئر کے تحت دہشت گردی کی سرپرستی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اس چیلنج کا مقابلہ حکمت، طاقت اور عالمی تعاون کے ذریعے کر رہا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشت گردی، علاقائی سکیورٹی اور اقتصادی ترقی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل نے پاکستان میں آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور قدرتی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا اور عالمی شراکت داروں کو ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کی دعوت دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مؤقف کو سراہا اور پاکستان کی شفاف اور مستقل پالیسیوں کی تعریف کی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ ملاقات پاکستان کی سفارتی حکمت عملی، پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی روابط کی مضبوطی کا مظہر تھی۔