اسحاق ڈار استنبول پہنچ گئے، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

استنبول(رم نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ترکی کے شہر استنبول پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔او آئی سی اجلاس میں مسلم دنیا کو درپیش اہم چیلنجز پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف ایک خصوصی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں رکن ممالک کی جانب سے مشترکہ مؤقف اختیار کرنے پر مشاورت کی جائے گی۔

ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اظہار خیال کریں گے۔اجلاس کے دوران اتوار کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر او آئی سی رابطہ گروپ کا ایک علیحدہ اجلاس بھی ہوگا، جس میں بھارتی مظالم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اور کشمیری عوام سے یکجہتی پر غور کیا جائے گا۔او آئی سی کا یہ ہنگامی اجلاس موجودہ علاقائی اور عالمی تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جس کا مقصد مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور مؤثر سفارتی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔