کراچی (رم نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو نہ صرف عسکری میدان میں بلکہ عالمی سطح پر سفارتی اور بیانیے کی جنگ میں بھی شکست دی ہے۔
کراچی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر انہوں نے یورپ، امریکہ اور برسلز سمیت دنیا کے کئی اہم ممالک گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ پھیلانے کی کوشش کی، لیکن ہم نے سچائی پر مبنی مؤقف کے ذریعے اسے بے نقاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہم سے سات گنا بڑا ضرور ہے، مگر ہماری مسلح افواج اور فضائیہ نے دشمن کو عسکری میدان میں منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے کوشش کی کہ سفارتی میدان میں پاکستان کو نقصان پہنچائے، لیکن ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر بھارت کا مؤثر جواب دیا اور دنیا کو پاکستان کا سچ دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں اٹھایا ہے، اور ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری نے ہمیشہ کشمیری عوام کی آواز عالمی سطح پر بلند کی ہے۔ ان کے مطابق آج کشمیر کا ذکر عالمی رہنما، حتیٰ کہ امریکی صدر بھی کرتے ہیں، جو پاکستان کی تاریخی سفارتی کامیابی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو معاہدے کی پاسداری کرنا ہوگی۔ اگر بھارت نے پانی روکنے یا سندھ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی، تو پاکستان اس کا سخت جواب دے گا اور اپنے دریاؤں کا دفاع کرنا جانتا ہے۔
سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ "سیاسی یتیم" بیرونی سرپرستی میں ملک میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن سندھ کے عوام انہیں آئندہ انتخابات میں دوبارہ مسترد کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف صف اول میں لڑ رہی ہے، جبکہ بھارت کی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دلوایا جائے۔ ان کے مطابق بھارت نے مختلف ممالک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری صرف اس مقصد کے لیے کی، مگر پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا مؤقف کامیابی سے منوایا۔