سینیٹ کا اجلاس طلب، فنانس بل 2025 پر سفارشات ایجنڈے کا حصہ

اسلام آباد(رم نیوز)سینیٹ کا اجلاس آج دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کے لیے چار نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوگا، جس کے بعد سینیٹر سلیم مانڈوی والا فنانس بل 2025 پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔

آئین کے آرٹیکل 73 کے تحت سینیٹ فنانس بل پر قانون سازی کا اختیار نہیں رکھتی، تاہم وہ قومی اسمبلی کو سفارشات دینے کا حق رکھتی ہے۔ اس تناظر میں اجلاس میں فنانس بل 2025 پر سفارشات کی منظوری کی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

ایجنڈے میں قائمہ کمیٹی برائے فنانس و ریونیو کی سفارشات کو اپنانے کی تحریک بھی شامل ہے، جس پر سینیٹرز اظہار خیال کریں گے۔