کراچی میں بادلوں کا بسیرا، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، موسم خوشگوار

کراچی (رم نیوز)کراچی میں ہفتے کی صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور مغربی سمت سے تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔محکمے کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم گرمی کی شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون سیزن کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں کمی اور مزید بارشوں کا امکان ہے۔