اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے بھارتی میڈیا کے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا، جو ملکی خودمختاری اور دفاع کے حق کے تحت دیا گیا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان نے کسی قسم کی جنگ بندی کی درخواست نہیں کی، نہ ہی کسی تیسرے فریق سے ایسی مداخلت کی اپیل کی گئی۔ بیان کے مطابق جنگ بندی کی پیش رفت میں دوست ممالک، خاص طور پر امریکا اور سعودی عرب نے اہم سفارتی کردار ادا کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 10 مئی 2025 کو صبح 8:15 بجے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے آگاہ کیا کہ بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہے بشرطیکہ پاکستان بھی رضامند ہو۔
پاکستان نے جنگ بندی سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعوے مسترد کر دیے، امریکہ اور سعودی عرب کے کردار کا اعتراف

اس رابطے کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی اسی نوعیت کا پیغام دیا۔ اسحاق ڈار نے دونوں وزرائے خارجہ کو پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش قبول کرنے کی تصدیق کی۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر مناسب وقت پر سفارتی راستہ اختیار کیا، تاہم یہ واضح رہے کہ جنگ بندی کی ابتدا پاکستان کی جانب سے نہیں ہوئی۔