امریکہ کا ایران پر بڑا حملہ، جوہری تنصیبات نشانہ، خطے میں جنگ کا خدشہ

اسلام آباد / واشنگٹن / تہران(رم نیوز)امریکہ نے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان — پر حملہ کر دیا، جس کے بعد خطے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق بی ٹو بمبار طیاروں اور ٹام ہاک میزائلوں سے یہ کارروائی کی گئی، جبکہ ایران نے اس حملے کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

ایران نے آبدوزوں کے ذریعے کیے گئے ان حملوں کے بعد آبنائے ہرمز بند کر دی ہے، جبکہ پاسداران انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں تمام امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کو ان حملوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے کو "تاریخی کامیابی" قرار دیا اور کہا کہ "اب اسرائیل محفوظ ہے"۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس فیصلے کو "تاریخ کا رخ موڑنے والا" قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی اداروں نے حملوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور فوری سفارتی راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔