اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اور موجودہ صورتحال میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہایت تشویشناک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ شہری جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور تمام فریقین بین الاقوامی انسانی قانون کی سختی سے پاسداری کریں۔ پاکستان نے زور دیا کہ مسائل کا حل صرف بات کرنے اور سفارت کاری سے ہی ہوسکتا ہے۔
او آئی سی اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دفاع کا حق غیر متنازع ہے اور خطے میں کسی قسم کا دہرا معیار ناقابل قبول ہے۔