ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ، درجنوں میزائل اور ڈرون حملے، 90 افراد زخمی

تہران / مقبوضہ بیت المقدس (رم نیوز)امریکی حملوں کے بعد ایران نے اسرائیل پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی، جس کے نتیجے میں اسرائیل کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر نقصان اور کم از کم 90 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

عرب اور ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ حیفا اور تل ابیب سمیت اسرائیل کے 14 اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں فوجی تنصیبات، سائبر کمانڈ، پاور پلانٹس اور اسرائیل کی ڈیفنس انڈسٹری شامل ہیں۔

ایرانی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس کارروائی میں جدید "خیبر" میزائل استعمال کیے گئے جو 2000 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایران نے خیبر میزائل کے استعمال کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حیفا اور تل ابیب میں زور دار دھماکے سنے گئے، جبکہ ملک بھر میں 400 سے زائد علاقوں میں جنگی سائرن بجائے گئے۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے دو جنگی طیارے اور 8 میزائل لانچرز تباہ کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران نے یہ حملے امریکی افواج کی جانب سے فردو، نطنز اور اصفہان میں ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد کیے۔ ایران کا کہنا ہے کہ تنصیبات کو پیشگی طور پر خالی کرا لیا گیا تھا۔