ایران امن کے لیے تیار نہ ہوا تو حملے مزید سخت ہوں گے: صدر ٹرمپ

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے امن کا راستہ اختیار نہ کیا تو آئندہ امریکی کارروائیاں پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہوں گی۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حملوں کا مقصد ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا۔ ان کے مطابق ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا کر اسے جوہری خطرے سے پاک کر دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران چالیس سال سے امریکہ مخالف نعرے لگا رہا تھا اور خطے میں دہشت گردی کی حمایت کر رہا تھا۔ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ٹیم کی صورت میں مل کر کام کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ایران کے سب سے اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے، لیکن اب بھی کئی اہداف باقی ہیں۔ اگر ایران نے امن قائم نہ کیا تو آئندہ کارروائیاں زیادہ درستی، رفتار اور شدت کے ساتھ کی جائیں گی۔