استنبول (رم نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت مکمل دفاع کا حق حاصل ہے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے معاملے میں عالمی سطح پر دہرا معیار اپنایا جا رہا ہے، جسے اب ختم ہونا چاہیے۔ ان کے بقول ایران اور اسرائیل کے درمیان مسائل کا واحد حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری ہے۔
اسحاق ڈار نے اجلاس کے دوران غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا، اور مسئلہ کشمیر کو خطے میں پائیدار امن کے لیے بنیادی قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت اگر پاکستان کا پانی روکے گا تو اسے ایک جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔