استنبول (رم نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی،اس میں پاک ترکیہ تعلقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی، جہاں اسحاق ڈار نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے ترک صدر کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو وسعت دینے، اقتصادی، دفاعی اور سفارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ فریقین نے طویل المدتی شراکت داری کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رہنماؤں نے ایران-اسرائیل کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور محصور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وزیر خارجہ نے صدر اردوان کو او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اسلامی تعاون تنظیم یوتھ فورم کی جانب سے ایوارڈ ملنے پر مبارکباد بھی دی۔