لندن(رم نیوز)برطانوی وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر نے مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران کو فوری طور پر مذاکرات کی میز پر واپس آنا ہوگا، کیونکہ موجودہ بحران کا حل صرف اور صرف سفارت کاری سے ممکن ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں کے بعد ایران کے جوہری پروگرام سے لاحق خطرہ وقتی طور پر کم ضرور ہوا ہے، مگر کشیدگی اب بھی برقرار ہے۔ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مشرق وسطیٰ میں امن ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم سفارتی حل کی حمایت جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، کیونکہ طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن مقاصد کے لیے ہے اور وہ جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔