امریکی جارحیت خطے کے لیے خطرہ، ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(رم نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے خطرناک اقدام قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایران پر براہِ راست امریکی حملہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ یہ اقدام پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتا ہے، جس کے نتائج عالمی امن کے لیے تباہ کن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کردار ادا کرے۔ ان کے مطابق، ’’تنازعات کا پائیدار حل صرف سفارتکاری سے ممکن ہے، طاقت کا استعمال مزید تباہی لائے گا۔

پاکستانی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھی اس حملے پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ مختلف رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے ایران کی تین جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے، جب کہ کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔