ایران کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

دوحہ (رم نیوز)امریکی حملوں کے بعد ایران کی جانب سے اقوام متحدہ سے رجوع کیے جانے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج شب طلب کر لیا گیا ہے۔ قطر کے نشریاتی ادارے "الجزیرہ" کے مطابق، یہ اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران نے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی تھی تاکہ امریکی فضائی حملے کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے کر عالمی سطح پر مسئلہ اٹھایا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب امریکہ نے ایران اسرائیل جنگ میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات — فردو، نطنز اور اصفہان — کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا۔ حملے کے فوری بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ ایک "انتہائی کامیاب آپریشن" تھا، جس میں ایران کی جوہری صلاحیت کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا گیا۔

ماہرین کے مطابق، اقوام متحدہ کا یہ اجلاس مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، اور اس میں عالمی طاقتوں کی پوزیشن واضح ہونے کی امید ہے۔