بھارت سندھ طاس معاہدے پر عمل کرے یا جنگ کے لیے تیار رہے: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد(رم نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو پاکستان پانی کے لیے جنگ لڑنے سے گریز نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس صرف دو راستے ہیں، یا تو معاہدے پر عمل کرے یا ممکنہ جنگ کے لیے تیار رہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ حملے کے بعد سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی دی، جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پانی روکا تو پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا، افواج اور فضائیہ پوری طرح تیار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دلایا جائے اور عالمی مالیاتی اداروں سے دور رکھا جائے، تاہم ہر محاذ پر بھارت کو شکست ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر مؤثر مؤقف اپنایا، جس پر وزارت خارجہ اور سفارتکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت کی نصف سے زیادہ دہشت گرد کارروائیوں میں براہ راست یا بالواسطہ کردار رہا ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا مستقبل شدت پسند عناصر کے ہاتھ میں دے دیا ہے، مگر پاکستان دہشتگردوں کے خلاف نہ صرف اپنی بلکہ بھارتی عوام کی لڑائی بھی لڑ سکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ جھوٹے الزامات کی بنیاد پر کیا گیا، جس سے خطے کے عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئیں۔ بلاول کا کہنا تھا کہ یہ حملہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے وزیراعظم مودی کو "نیتن یاہو کی سستی کاپی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سفارتکاری، جنگ اور بیانیے کے ہر میدان میں بھارت کو شکست دی ہے۔ بلاول نے کہا کہ ہم جہاں بھی گئے، پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا، جبکہ بھارتی نمائندے پیچھے پیچھے گھومتے رہے۔

کشمیر کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کا دعویٰ تھا کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، لیکن اب یہ معاملہ عالمی سطح پر اجاگر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ان کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

آخر میں بلاول نے انکشاف کیا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو لنچ پر مدعو کیا تھا، جس کے بعد دیے گئے بیانات سب کے سامنے ہیں۔