اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی (NSC) کا اہم اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال، قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے اہم نکات پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات شرکت کریں گی، جب کہ فوجی قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے حالیہ دورۂ امریکا سے متعلق شرکاء کو بریفنگ دیں گے، اور پاکستان کے اسٹریٹجک مؤقف سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے، اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی سمیت اہم علاقائی فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں ملکی داخلی صورتحال، سرحدی سکیورٹی، اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ حال ہی میں امریکہ نے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر براہ راست فضائی حملے کیے ہیں، جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب واشنگٹن نے اسرائیل کی حمایت میں براہ راست جنگی کارروائی کی ہے، جس کے خطے پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔