" /> ">

ایران کے قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے، "بشارتِ فتح" آپریشن کا آغاز

دوحہ / بغداد (رم نیوز)ایران نے امریکی حملے کے جواب میں قطر اور عراق میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کو "بشارتِ فتح" آپریشن کا نام دیا گیا ہے، جس میں متعدد میزائل داغے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جب کہ اسرائیلی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے قطر میں موجود امریکی اڈوں پر 6 میزائل فائر کیے۔ اس حملے سے قبل ہی بعض بین الاقوامی رپورٹس میں ایران کی جانب سے ایسی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

ایرانی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران نے عراق میں بھی امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ "یا ابا عبداللہ" کوڈ کے تحت حملوں کا آغاز کیا گیا۔ایرانی مسلح افواج کے مطابق قطر میں موجود العدید ایئربیس کو "تباہ کن اور طاقتور" میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ بیس مشرق وسطیٰ میں امریکی سینٹکام کا مرکزی ہیڈکوارٹر تصور کیا جاتا ہے، جہاں امریکی افواج کے ساتھ برطانوی اہلکار بھی تعینات ہیں۔

حملوں کے بعد قطر نے ملک بھر میں فضائی ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں احتیاطی تدابیر کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

قطر میں موجود امریکی سفارت خانے سمیت کئی مغربی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے واضح کیا ہے کہ اس کارروائی میں اتنے ہی میزائل استعمال کیے گئے جتنے امریکا نے ایرانی جوہری تنصیبات پر بمباری کے دوران استعمال کیے تھے۔ ایرانی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملے میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جو شہری علاقوں سے دور واقع تھے۔

ادھر حملے کے بعد بحرین میں سائرن بجائے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ عراق میں موجود امریکی فوجی اہلکاروں نے حفاظتی پناہ گاہوں کا رخ کر لیا ہے۔