ایران کے حملے کے دوران صدر ٹرمپ سچویشن روم میں، صورتحال پر گہری نظر

واشنگٹن (رم نیوز)قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں قومی سلامتی ٹیم کے ہمراہ ہنگامی اجلاس طلب کیا۔

برطانوی روزنامہ "دی ٹیلیگراف" کے مطابق صدر ٹرمپ اپنے شیڈول کے مطابق قومی سلامتی کے مشیروں سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے ملاقات کر رہے ہیں، تاکہ مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایرانی حملوں کے ممکنہ اثرات سے آگاہ ہے، اور متعلقہ ادارے صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دفاعی اور سفارتی سطح پر تمام ممکنہ اقدامات پر غور جاری ہے۔

پینٹاگون نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی اور اتحادی افواج کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ خطے میں موجود امریکی اڈوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے اپنے "بشارت فتح" نامی آپریشن کے تحت قطر میں العدید ایئربیس کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی نئی سطح پر پہنچ گئی ہے۔