دوحہ(رم نیوز)ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں قطر نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، قطر نے ایران کی جانب سے امریکی اڈوں پر ممکنہ حملوں کی دھمکیوں کے بعد فوری طور پر پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی ہے۔ قطر میں تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلے حفاظتی اقدامات کے طور پر کیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایک مغربی سفارتکار نے رائٹرز کو بتایا کہ ایران نے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے "العدید" پر حملے کی ممکنہ دھمکی دی ہے۔ یہ بیس مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کی سب سے بڑی فوجی تنصیب ہے جہاں دس ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے حالیہ دنوں میں اپنی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد سخت ردعمل کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔