سپریم کورٹ نے فواد چودھری کی 9 مئی کے 35 مقدمات یکجا کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے

اسلام آباد(رم نیوز)سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق درج 35 مقدمات کو یکجا کرنے کے معاملے پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، جس میں کیس کی مزید سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

فواد چودھری نے مؤقف اختیار کیا کہ مختلف شہروں میں ان کے خلاف درج مقدمات کی نوعیت ایک جیسی ہے اور ان کو یکجا کر کے مقدمات کی سماعت آسان اور مؤثر بنائی جائے۔ عدالت نے اس درخواست پر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں سرکاری و عسکری تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا تھا، جس کے بعد فواد چودھری سمیت متعدد رہنماؤں کے خلاف 35 مقدمات درج کیے گئے تھے۔