بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کا خواب کبھی حقیقت نہیں بنے گا، بیرسٹر سیف

پشاور(رم نیوز)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کی کوششیں مسلسل ناکامی سے دوچار ہو رہی ہیں، اور انہیں مائنس کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے آئین، قانون اور انصاف کے تقاضے پامال کیے، مگر اس کے باوجود وہ عمران خان کو سیاست سے باہر نہیں کر سکے۔ ان کے مطابق، پی ٹی آئی کے بعض کارکن بھی غیر دانستہ طور پر اس منفی مہم کی لپیٹ میں آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کی حمایت میں پہلے سے زیادہ متحد ہیں، اور اُنہیں مائنس کرنے کے بجائے اُن کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ عمران خان قید میں ہونے کے باوجود حکمرانوں کے لیے سیاسی دباؤ کی علامت بنے ہوئے ہیں۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مخالفین اپنی تسلی کے لیے جو چاہیں کر لیں، لیکن زمینی حقائق ان کی خواہشات کے برعکس ہیں۔