ایس سی او اجلاس: پاکستان کے مؤقف کی تائید پر بھارت برہم، اعلامیے پر دستخط سے انکار

بیجنگ(رم نیوز)شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے دفاع اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کی تائید اور بھارتی اعتراضات کو نظر انداز کیے جانے پر بھارت نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔اجلاس چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر دفاع خواجہ آصف جبکہ بھارت کی نمائندگی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کی۔ اعلامیے میں پہلگام واقعے کا ذکر شامل نہ ہونے اور مبینہ طور پر بلوچستان میں بھارتی مداخلت کی نشاندہی پر بھارتی وفد نے تحفظات کا اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی اعلامیے میں شامل بعض نکات کو اپنے خلاف سمجھتا ہے، جن میں علاقائی بدامنی کے تانے بانے بھارت سے جوڑے گئے ہیں۔ ان ہی وجوہات کی بنیاد پر بھارت نے دستخط سے انکار کیا، جو سفارتی حلقوں میں تنقید کا باعث بن رہا ہے۔

اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے دفاع ایک ہی میز پر موجود تھے، تاہم کوئی دو طرفہ ملاقات نہیں ہوئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کا یہ رویہ علاقائی تعاون کے فروغ کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے، جو ایس سی او جیسے پلیٹ فارم کے بنیادی مقاصد سے متصادم ہے۔