اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی سلامتی، علاقائی کشیدگی، توانائی اصلاحات اور معاشی پالیسیوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں پیٹرولیم لیوی کے تعین کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی، جو اس سے قبل وزارتِ خزانہ کے پاس تھا۔ اس فیصلے کو توانائی شعبے میں تیز اور مربوط پالیسی سازی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران اسمارٹ میٹرز کی فوری تنصیب کی ہدایت کی، تاکہ بجلی چوری کی روک تھام اور درست بلنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں پر شرکاء کو اعتماد میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایران-اسرائیل کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور وزیراعظم و عسکری قیادت کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی۔
مزید برآں، توانائی و معاشی شعبوں سے متعلق مختلف پالیسی امور پر بریفنگ دی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت مکمل کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر کابینہ ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے۔