190 ملین پاؤنڈ کیس: سزا معطلی کی درخواست پر سماعت نیب کی استدعا پر ملتوی

اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت نیب کی درخواست پر ملتوی کر دی گئی۔سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر، نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد اور پراسیکیوٹر رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب کی جانب سے کیس مؤخر کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ نئی تاریخ عدالتی حکم میں درج کر دی جائے گی۔سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ، ’’کافی دنوں بعد کیس مقرر ہوا ہے، پیر کو سماعت رکھیں تاکہ میرا مؤقف سنا جا سکے۔نیب پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے اس پر جواب دیا، ’’بالکل کھیلیں گے،‘‘ جب کہ رافع مقصود نے مؤقف دیا کہ ’’اگرچہ کیس میں 14 سال کی سزا سنائی گئی ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں اسے عام مقدمے کے طور پر ڈیل کیا جائے۔

سماعت کے دوران عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، نورین خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب بھی عدالت میں موجود تھے۔