قومی اسمبلی میں بجٹ کی شق وار منظوری جاری، اپوزیشن کی ترامیم مسترد، ایوان میں شدید احتجاج

اسلام آباد(رم نیوز)قومی اسمبلی میں بجٹ پر شق وار منظوری کا عمل جاری ہے، اپوزیشن کی پیش کی گئی تمام ترامیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں، اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے گوہر علی خان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی عالیہ کامران سمیت دیگر اپوزیشن ارکان نے فنانس بل میں مختلف ترامیم پیش کیں، تاہم حکومتی بینچوں کی اکثریت نے ان کی مخالفت کی، جس پر تمام ترامیم کو مسترد کر دیا گیا۔

گوہر علی خان نے اسلام آباد میں جائیدادوں کی ٹرانسفر پر امتیازی ٹیکس نظام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ "سی ڈی اے کی پراپرٹی پر ٹرانسفر فیس نہیں، جبکہ دیگر رجسٹریوں پر ٹیکس عائد ہے، جو ناانصافی ہے۔ایوان نے ان اعتراضات کو رد کرتے ہوئے فنانس بل کی شق 2 کی منظوری دے دی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر 2.5 فیصد کاربن لیوی نافذ کرنے کی بھی منظوری شامل ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔ اپوزیشن کی تمام ترامیم کو مسلسل کثرت رائے سے مسترد کیا جاتا رہا، جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔ایوان میں بجٹ منظوری کا عمل تاحال جاری ہے، جبکہ اپوزیشن نے آئندہ شقوں پر بھی بھرپور مؤقف اپنانے کا عندیہ دیا ہے۔