امید ہے صدر ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے: محسن نقوی

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کی ہر کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے، اور امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور علاقائی سیکیورٹی کے حوالے سے اشتراک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان حالیہ ملاقات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

محسن نقوی نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور سفارتی بصیرت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور ایران اسرائیل سیز فائر کے بعد، اب غزہ میں بھی قیام امن کی امید ہے۔وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کا حامی رہا ہے، خصوصاً مسئلہ کشمیر جیسے اہم تنازع پر بھی۔

امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔