سوات (رم نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں موسلادھار بارش کے بعد دریائے سوات میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 5 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، 55 سے زائد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے، جبکہ 20 سے زائد افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق سوات میں 7 مختلف مقامات پر پانی کے اچانک بڑھتے ہوئے بہاؤ سے درجنوں افراد متاثر ہوئے۔ متعدد سیاح اور مقامی افراد دریا کے کنارے موجود تھے جب اچانک طغیانی آئی اور وہ پانی کی زد میں آ گئے۔سب سے سنگین واقعہ بائی پاس کے مقام پر پیش آیا جہاں 17 افراد دریا میں بہہ گئے۔ ان میں سے 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور 3 کو زندہ بچایا جا چکا ہے، جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس مقام پر بہہ جانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شامل ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ریسکیو ٹیمیں، مقامی انتظامیہ، پولیس اور غوطہ خور مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ دریائے سوات کے کنارے متاثرہ مقامات پر کشتیاں، ہیلی کاپٹر اور دیگر امدادی وسائل بھی متحرک کر دیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔