کراچی (رم نیوز)شہرِ قائد میں ہفتے کے روز علی الصبح سے بادلوں کا بسیرا رہا، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی اور تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے، جن میں آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، شاہراہ فیصل، صفورہ گوٹھ، قیوم آباد، گلشنِ اقبال، سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور 29 جون تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔ادارے کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم گرمی کی شدت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔ شمال مشرقی سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ نمی کا تناسب 90 فیصد تک ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کی شب ہونے والی بارش کے بعد جمعہ کو موسم خوشگوار رہا، اور ہفتے کو بھی اس خوشگوار موسم کا تسلسل جاری ہے۔ شہریوں نے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کیا۔