محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر کا دورہ، شہری سہولتوں پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے بلیو ایریا میں واقع نادرا کے 24/7 میگا سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے آئے ہوئے شہریوں سے براہ راست ملاقات کی اور سہولتوں کے حوالے سے ان کے تاثرات سنے۔ شہریوں نے بتایا کہ اب انتظار کا وقت کم ہو گیا ہے اور عملہ مؤثر انداز میں خدمات فراہم کر رہا ہے۔

محسن نقوی نے نادرا کے عملے کو بہترین خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے جدید خودکار نظام کا بھی معائنہ کیا اور شناختی کارڈ نمبر اور فنگر پرنٹس کے ذریعے نظام کا تجربہ کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کام جاری رہے گا۔